خطے میں کشیدگی کے اثرات، مارچ کے دوران مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

image

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں، اور ملک میں مارچ 2026 کے دوران مہنگائی 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق فروری کے مقابلے میں مارچ میں مہنگائی کی شرح میں 1.18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مارچ 2026 میں مہنگائی کی سالانہ شرح 7.30 فیصد رہی، جو اگست 2024 کے بعد بلند ترین سطح ہے۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ، یعنی جولائی 2025 سے مارچ 2026 تک اوسط مہنگائی 5.67 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اس سے قبل فروری 2026 میں سالانہ مہنگائی کی شرح 6.98 فیصد تھی، جبکہ مارچ 2025 میں یہ شرح صرف 0.7 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جس سے ایک سال کے دوران قیمتوں میں نمایاں اضافے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ دیہی علاقوں میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی 0.96 فیصد جبکہ شہری علاقوں میں 1.34 فیصد بڑھی۔

اسی طرح دیہی علاقوں میں سالانہ مہنگائی کی شرح 7.17 فیصد اور شہری علاقوں میں 7.39 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزارت خزانہ نے مارچ کے لیے مہنگائی کا تخمینہ 7.5 سے 8.5 فیصد کے درمیان لگایا تھا، اور تازہ اعداد و شمار اس پیشگوئی کے قریب رہے ہیں۔

معاشی ماہرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی اور عالمی منڈی میں قیمتوں کا دباؤ برقرار رہا تو آنے والے مہینوں میں عوام کو مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US