پی ایس بی کے 36ویں اجلاس میں اصلاحاتی ایجنڈے اور اہم پالیسی فیصلوں کی توثیق

image

وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے 36ویں اجلاس میں اصلاحاتی ایجنڈے اور اہم پالیسی فیصلوں کی توثیق کردی گئی ہے۔

اجلاس میں ڈی جی یاسر پیرزادہ نے جولائی سے دسمبر 2025 تک کی ششماہی کارکردگی رپورٹ پیش کی، جسے بورڈ نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

اجلاس کے دوران لانگ ٹرم ایتھلیٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کی منظوری دی گئی، جبکہ تمام اسپورٹس فیڈریشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 90 دنوں کے اندر اپنا چار سالہ منصوبہ جمع کروائیں۔

بورڈ نے کھیلوں کے فروغ کے لیے کارکردگی کی بنیاد پر فنڈز جاری کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ اسپورٹس بجٹ کو 1.2 ارب سے بڑھا کر 4.9 ارب روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جس کی منظوری کے لیے معاملہ وزیراعظم کو بھجوایا جائے گا۔

اجلاس میں فیڈریشنز میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے نئی گائیڈ لائنز بنانے کی تجویز پیش کی گئی، جبکہ ڈوپنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کا اعادہ کیا گیا۔ اس حوالے سے پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن میں سامنے آنے والے ڈوپنگ کیسز پر سخت کارروائی کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US