نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران کھیلے گئے میچز میں کنکررز اور انونسپلز نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔
غنی انسٹیٹیوٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کنکررز نے سٹرائیکرز کو 18 رنز سے شکست دی۔
کنکررز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 177 رنز بنائے، جس میں فاطمہ ثنا کی 67 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز اور کومل خان کے 43 رنز شامل تھے۔
جواب میں سٹرائیکرز کی ٹیم 159 رنز بنا سکی، جہاں عالیہ ریاض نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ کنکررز کی جانب سے رابعہ رانی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سٹرائیکرز کی انوشہ ناصر نے 3 اور حفصہ خالد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری جانب باغ جناح گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں انونسپلز نے اسٹارز کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ اسٹارز کی پوری ٹیم 13.4 اوورز میں صرف 64 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جس میں انونسپلز کی مومنہ ریاضت اور صائمہ ملک نے چار، چار وکٹیں حاصل کرکے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
انونسپلز نے 65 رنز کا ہدف 7.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، جس میں ارم جاوید 30 اور ماہم انیس 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔