پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائٹڈ نے کوئٹہ گلیڈیٹرز کو اٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ کوئٹہ گلیڈیٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 184 رنز کا ہدف دیا تھا، جسے اسلام آباد نے صرف 18.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔
اسلام آباد کی فتح میں سمیر منہاس کی 83 ناٹ آؤٹ اور کپتان شاداب خان کی 69 رنز کی شاندار اننگز قابل ذکر رہیں، دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 128 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، جس سے کوئٹہ کے بالرز کی ہمت ٹوٹ گئی۔
کوئٹہ کی جانب سے حسن نواز نے 36 گیندوں پر 66 رنز بنائے، جن میں تین چھکے اور چھ چوکے شامل تھے، جبکہ ٹام کرن نے 22 گیندوں پر 29 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔ کوئٹہ کے کپتان سعود شکیل نے 26 گیندوں پر 42 رنز اسکور کیے جبکہ اوپنر شمائل حسین نے 21 رنز بنائے۔
اسلام آباد کی جانب سے نواز خان نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ یہ اسلام آباد کی تین میچز میں پہلی جیت تھی جبکہ کوئٹہ کو تین میچز میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔