سری لنکن فاسٹ بولر نوان تھشارا نے آئی پی ایل کھیلنے کے لیے اپنے ہی کرکٹ بورڈ کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔
نوان تھشارا نے کولمبو ڈسٹرکٹ کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں سری لنکا کرکٹ بورڈ کے صدر، خزانچی اور سی ای او کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ انہیں رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ معاہدے کے تحت آئی پی ایل کھیلنے کے لیے این او سی جاری کرنے کی ہدایت دی جائے۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق کیس کی سماعت 9 اپریل کو ہوگی۔ نوان تھشارا نے بتایا کہ بورڈ کے ساتھ ان کا معاہدہ 31 مارچ کو ختم ہو چکا ہے اور وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر چکے ہیں، تاہم فٹنس ٹیسٹ کے معیار کو بنیاد بنا کر بورڈ نے این او سی دینے سے انکار کیا۔
نوان تھشارا نے کہا کہ بورڈ کو آگاہ کرنے کے باوجود این او سی نہ دینا غیر منصفانہ اقدام ہے اور وہ اپنی قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے عدالت گئے ہیں۔