اسپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے اپریل میں ہونے والے میگا اسپورٹس ایونٹس کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کی زیر صدارت اہم میٹنگ میں میراتھن، سائیکلنگ اور سوئمنگ چمپئن شپ سمیت دیگر ایونٹس کی منصوبہ بندی پر غور کیا گیا۔
محمد طارق قریشی کے مطابق اپریل میں 21 کلو میٹر میراتھن، 5 کلو میٹر خواتین کی ریس اور فیملی فن ریس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسپیشل پرسنز اور ویل چیئر ریس بھی شامل ہے جبکہ 21 کلو میٹر سائیکل ریس بھی اپریل میں منعقد ہوگی۔
ڈی جی اسپورٹس نے بتایا کہ اپریل کے وسط میں سی ایم پنجاب سوئمنگ چمپئن شپ بھی کروائی جائے گی جس میں ہزاروں اتھلیٹس حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کی ترقی کے لیے بہترین اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور میگا ایونٹس نوجوانوں میں کھیلوں کے جذبے کو فروغ دینے کا موقع فراہم کریں گے۔