پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک سمری ارسال کی ہے جس میں بورڈ کا سالانہ بجٹ 1.2 بلین روپے سے بڑھا کر 4.9 بلین روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
بجٹ میں اضافے کی یہ تجویز پی ایس بی بورڈ کی 36 ویں سالانہ میٹنگ میں منظور کی گئی، جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے کی۔
میٹنگ میں ایک اہم فیصلہ یہ کیا گیا کہ قومی فیڈریشنز اب ٹورنامنٹ یا ایونٹ کی بنیاد پر کام کرنے کے بجائے چار سالہ منصوبہ بندی کریں گی۔ اس منصوبے کے تحت ایتھلیٹس کو ایک اولمپک گیمز سے دوسرے اولمپک گیمز تک کی تیاری کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ کھلاڑیوں کو بڑے ایونٹس کی تیاری کے لیے مناسب وقت مل سکے۔
اس موقع پر پی ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ نے جولائی سے دسمبر 2025 تک کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تمام قومی فیڈریشنز اپنے عہدوں کی مدت کی آئینی پابندی کا سختی سے خیال رکھیں۔