پاکستان کے ٹیسٹ اوپنر فخر زمان کے بال ٹیمپرنگ کے معاملے کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ مخالف ٹیم اور مینجمنٹ کو 13ویں اور 14ویں اوور کے دوران فخر زمان کے مشکوک رویے پر شک ہوا۔
ذرائع کے مطابق کراچی کنگز مینجمنٹ نے فخر زمان کو گیند سے چھیڑ چھاڑ کرتے دیکھ کر میچ ریفری کو شکایت کی۔ میچ ریفری نے فوری طور پر فیلڈ ایمپائرز کو فخر زمان پر نظر رکھنے کی ہدایت دی جس کے بعد چودھویں اوور کے بعد ایمپائرز نے ان کی کارکردگی اور گیند پر مسلسل نظر رکھنی شروع کی۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ ایمپائرز کو فخر زمان کی جیب میں کسی چیز کا شک ہوا اور بیسویں اوور سے پہلے ایمپائر فیصل آفریدی نے گیند کا معائنہ کیا۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ گیند کو کسی کھردری چیز سے رگڑا گیا تھا اور اس کا رنگ ایک جگہ سے اڑ چکا تھا۔
میچ ریفری نے مکمل فوٹیجز اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد فخر زمان پر دو میچز کی پابندی عائد کر دی۔