کراچی کنگز کے مینیجر اور معین علی کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں، ڈیوڈ وارنر

image

آسٹریلیا کے سابق وائٹ بال کپتان ڈیوڈ وارنر نے واضح کیا ہے کہ ان کی انگلینڈ کے سابق کھلاڑی معین علی اور کراچی کنگز کے مینیجر حیدر اظہر کے درمیان کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی۔

کراچی کنگز کے پچھلے میچ کے بعد وائرل ہونے والے ویڈیو کلپس میں دکھایا گیا کہ مینیجر حیدر اظہر وارنر سے بات کر رہے تھے اور بعد میں معین علی گفتگو میں شامل ہو گئے۔ تاہم سوشل میڈیا پر خاص کر بھارت کے صارفین نے اس واقعے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا اور دعویٰ کیا کہ وارنر اور معین علی کا مینیجر کے ساتھ جھگڑا ہوا۔

اس صورتحال پر وارنر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر وضاحت کی کہ یہ سب افواہیں ہیں اور ان کی کراچی کنگز کے مینیجر کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں ہوا۔ وارنر نے مسکراہٹ والی ایموجیز کے ساتھ کہا کہ وہ کراچی کنگز کی کپتانی کر کے اور ٹیم کے ساتھ کھیل کر خوش ہیں اور پی ایس ایل میں کھیلنے کا بہت لطف اٹھا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ چونکہ پی ایس ایل اور انڈین پریمیئر لیگ ایک ساتھ چل رہے ہیں کرکٹ شائقین سوشل میڈیا پر زیادہ سرگرم ہیں، اور بعض بھارتی صارفین پی ایس ایل میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے حوالے سے جھوٹے تنازعات پھیلا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US