سمیر منہاس کی شاندار بیٹنگ: اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں راولپنڈی پنڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست

image

پاکستان سپر لیگ کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سمیر منہاس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت راولپنڈی پنڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 156 رنز بنا سکی، جسے اسلام آباد نے محض 14.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔

اسلام آباد کی جانب سے اوپنر سمیر منہاس نے ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل دوسری نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے صرف 36 گیندوں پر 70 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ حیدر علی نے 26 اور مارک چیپ مین نے 7 گیندوں پر 24 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔

اس سے قبل اسلام آباد نے ٹاس جیت کر راولپنڈی کو بیٹنگ کی دعوت دی تو انگلینڈ کے تیز گیند باز ریچرڈ گلیسن نے اوپنرز یاسر خان اور محمد رضوان کو جلد آؤٹ کر کے راولپنڈی کو دباؤ میں ڈال دیا۔ راولپنڈی کے بلے باز پاور پلے میں 17 ڈاٹ بالز کھیلے، جس کی وجہ سے رنز بنانے کی رفتار سست رہی۔

راولپنڈی کی جانب سے کامران غلام 50 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ آسٹریلوی آل راؤنڈر ڈیان فورسٹر نے صرف 19 گیندوں پر 44 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ چار میچوں میں اسلام آباد کی یہ دوسری کامیابی ہے جبکہ راولپنڈی کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US