پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے زیر اہتمام 'آئی ٹی ایف پاکستان تیسرا زینب علی نقوی میموریل ورلڈ جونیئرز ٹینس چیمپئن شپ 2026 (لیگ-1)' کا آغاز 6 اپریل سے اسلام آباد کے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس میں ہو رہا ہے۔
اس بین الاقوامی ایونٹ میں پاکستان سمیت 14 ممالک کے 24 لڑکے اور 15 لڑکیاں شرکت کر رہی ہیں، جن کا تعلق قازقستان، سنگاپور، جاپان، چین، آسٹریلیا، روس، پولینڈ، جنوبی کوریا، سری لنکا، بنگلہ دیش، ملائیشیا، ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ سے ہے۔
یہ ٹورنامنٹ کراچی سے تعلق رکھنے والی نوجوان ٹینس کھلاڑی زینب علی نقوی کی یاد میں منعقد کیا جا رہا ہے، جن کا انتقال فروری 2024 میں اسلام آباد میں ایک ٹورنامنٹ کے دوران ہوا تھا۔
صدر پی ٹی ایف اعصام الحق قریشی، سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل اور انتظامیہ نے مرحومہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس چیمپئن شپ کا مقصد زینب کی خدمات کو یاد رکھنا ہے۔
ایونٹ کے مین ڈرا میچز کا باقاعدہ آغاز پیر کی صبح 10 بجے سے ہوگا، جس کے لیے پی ٹی ایف نے تمام ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا ہے۔