لاہور قلندرز نے ایسٹر کے موقع پر اپنے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین کو خصوصی طور پر ایسٹر گفٹس دیے گئے۔
یہ تحائف لاہور قلندرز کے کراچی میں پہلے ٹریننگ سیشن کے دوران دیے گئے، جہاں ٹیم حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایسٹر گفٹ وصول کرنے والوں میں غیر ملکی کھلاڑی اور اسٹاف ممبران شامل تھے، جن میں ریان برل، ڈینئیل سیمز، روبن ہرمن، توشنگا موسیکیوا، کلائیو میڈانڈے، ڈیان ابراہیم اور سائمن شامل ہیں۔
اس موقع پر لاہور قلندرز کے سی ای او ثمین رانا کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز محض ایک ٹیم نہیں بلکہ ایک خاندان ہے، اور وہ اپنی فیملی سے دور موجود ان اراکین کی خوشیوں میں بھرپور طریقے سے شریک ہیں۔
انہوں نے اسکواڈ کے تمام اراکین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام کھلاڑی اور اسٹاف یہاں کے ماحول سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہوں گے۔