گوادر پورٹ پر ایک اور کارگو جہاز کی آمد، تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ

image

گوادر پورٹ پر ایک اور کارگو جہاز کی آمد ہوئی ہے جسے بندرگاہ پر بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں کا اہم اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کے مطابق ایم وی ریوا گلوری” نامی جہاز 14 ہزار 629 میٹرک ٹن کارگو لے کر گوادر پورٹ پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ پر کارگو جہازوں کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو اس بندرگاہ کی اسٹریٹجک اور تجارتی اہمیت میں اضافے کا واضح ثبوت ہے۔

وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ بندرگاہ پر بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی شپنگ کمپنیوں کا اعتماد بحال ہونا شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت بندرگاہی نظام کو مزید مؤثر اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے جبکہ سرمایہ کاروں اور شپنگ کمپنیوں کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

حکومت کے مطابق گوادر پورٹ کو خطے میں ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ تجارت کا اہم مرکز بنانے کے لیے کام جاری ہے اور اسے عالمی معیار کا میرین گیٹ وے بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US