کراچی: پی ایس ایل-11 کے میچز کے لیے جامع سیکیورٹی پلان

image

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل-11) کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز کے لیے جامع سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور 5 ہزار سے زائد پولیس و سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اہم سیکیورٹی کوآرڈینیشن اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے کی۔ اجلاس میں ٹیموں، آفیشلز اور شائقین کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی گئی کہ ایونٹ کے پُرامن اور کامیاب انعقاد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکیورٹی انتظامات کے لیے 5000 سے زائد اہلکار تعینات کیے جائیں گے جن میں 2000 سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکار (1000 ایس ایس یو کمانڈوز و لیڈی کمانڈوز)، 1020 ٹریفک پولیس اہلکار، 328 اسپیشل برانچ اہلکار، ضلعی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے شامل ہیں۔

اہلکار نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، ہوٹلز، پریکٹس گراؤنڈز اور دیگر اہم مقامات پر ڈیوٹیز انجام دیں گے جبکہ حساس مقامات پر شارپ شوٹرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔

اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس ٹیم ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں الرٹ رہے گی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسٹیڈیم کے اطراف بطور کوئیک رسپانس فورس گشت کرے گی۔ اسٹیڈیم اور اطراف میں ڈرون کے استعمال پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔

میچز کے دوران ٹریفک مینجمنٹ پلان کے تحت روٹس کی روانی کو یقینی بنایا جائے گا اور اسٹیڈیم و اطراف کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔ ایس ایس یو کی خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس بھی اسٹیڈیم میں تعینات ہوگی تاکہ امن و امان کی صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US