پی سی بی کا ویمنز کرکٹرز کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ٹرائلز کا اعلان

image

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمنز کرکٹرز کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ٹرائلز کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت انڈر 19 اور ایمرجنگ کیٹیگری کی کھلاڑیوں کے ٹرائلز 14 اپریل سے یکم مئی تک ملک کے 9 مختلف شہروں میں منعقد کیے جائیں گے۔

ٹرائلز کے شیڈول کے مطابق پہلا مرحلہ 14 اپریل کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد سے شروع ہوگا، جس کے بعد 15 اپریل کو لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ، 16 اپریل کو پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم اور 17 اپریل کو ایبٹ آباد میں کھلاڑیوں کا ٹیلنٹ دیکھا جائے گا۔

دوسرا مرحلہ 21 اپریل کو ملتان کے انضمام الحق پرفارمنس سینٹر سے شروع ہوگا، جبکہ 23 اپریل کو بہاولپور کے ویمن اسپورٹس اسٹیڈیم، 27 اپریل کو کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم اور 30 اپریل کو کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹرائلز لیے جائیں گے۔

اس سلسلے کا آخری ٹرائل یکم مئی کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق انڈر 19 کیٹیگری کے لیے یکم ستمبر 2007 یا اس کے بعد پیدا ہونے والی وہ کھلاڑی اہل ہوں گی جن کی کم از کم عمر 12 سال ہو، جبکہ ایمرجنگ کیٹیگری کے لیے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی ہے۔

ٹرائلز کی نگرانی سابق ویمن کرکٹر بتول فاطمہ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق کریں گے اور منتخب ہونے والی کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک و انٹرنیشنل اسائنمنٹس کے لیے ڈیولپمنٹ پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

تمام خواہشمند کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹرائلز کے لیے اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور شرکت کے وقت اپنا ب فارم، شناختی کارڈ یا نادرا کا برتھ سرٹیفکیٹ ہمراہ لانا یقینی بنائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US