قومی ہاکی ٹیم کے سینئر کھلاڑی پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی حالیہ تقرریوں پر حیران اور تشویش میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑی توقع کر رہے تھے کہ ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچ اور جدید تربیتی اسٹاف کے ساتھ نوجوان اور جدید ٹرینرز کو بھی شامل کیا جائے گا، تاہم موجودہ تقرریوں سے وہ مایوس نظر آئے۔
ایک سینئر کھلاڑی نے کہا کہ غیر ملکی اسٹاف وقت کی ضرورت ہے اور جدید دور کے کوچز لانا ضروری ہیں ورنہ ٹیم قدیم طریقہ کار پر چلتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تقرریوں سے ہم پتھر کے دور میں واپس چلے جائیں گے اور پرو لیگ اور ورلڈ کپ جیسے بڑے مقابلوں کے لیے یہ تیاری ناکافی ہے۔
کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ اگر اسی سوچ اور پلاننگ کے ساتھ آگے بڑھا گیا تو ٹیم سے معجزے کی توقع نہیں کی جا سکتی کیونکہ سخت حریفوں کے خلاف مضبوط اور جدید تربیت لازمی ہے۔پی ایچ ایف نے منظور الحسن کو پاکستان سینئر ٹیم کا ہیڈ کوچ جبکہ ایاز محمود کو جونئیر ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔