انٹرنیشنل کونسل آف وہیل چیئر کرکٹ نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کے ساتھ تفصیلی مشاورت اور حکومتی تعاون کے بعد پاکستان تیسرےٹی ٹوئنٹی وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ 2026 کی میزبانی کرے گا۔
ایشیا کپ کا شیڈول گزشتہ عالمی صورتحال خصوصاً مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات کی وجہ سے پہلے ملتوی کیا گیا تھا۔ اب یہ ٹورنامنٹ ستمبر 2026 کے آخری ہفتے سے شروع ہوگا، اور میچز پاکستان کے شہر کراچی اور حیدرآباد میں کھیلے جائیں گے۔
اگرچہ فی الحال پانچ ٹیموں کے ساتھ پورا ٹورنامنٹ پاکستان میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ "ہائبرڈ ماڈل" کے امکانات پر بھی غور کر رہے ہیں۔ اس ماڈل کے تحت کچھ ٹیمیں پاکستان میں نہیں آ سکیں تو میچز عمان یا سری لنکا جیسے غیر جانبدار مقامات پر کرائے جا سکتے ہیں جس کا انحصار بجٹ اور لاجسٹک سہولیات پر ہوگا۔
پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کے منتظمین اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ اگر ہائبرڈ ماڈل اپنایا گیا تو بجٹ میں کتنا اضافہ ہوگا اور اس معاملے پر حتمی فیصلہ جلد متوقع ہے۔ فی الحال تمام تر توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ ایشیا کپ کا مکمل انعقاد پاکستان میں ہی ممکن ہو۔