اسٹیڈیم میں شائقین کی عدم موجودگی پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک کا اہم پیغام

image

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شائقین کی اسٹیڈیم میں عدم موجودگی کے حوالے سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے اہم پیغام جاری کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران میں جنگ بندی اور اس ضمن میں پاکستان کے کلیدی کردار کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے شائقین کو اسٹیڈیمز میں آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

علی نقوی کے مطابق راولپنڈی میں میچز نہ کروانے کا فیصلہ اہم سیکیورٹی اور سفارتی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا، کیونکہ اسلام آباد کو حساس جنگ بندی مذاکرات کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

غیر متوقع صورتحال کے باعث سیکیورٹی اور لاجسٹکس میں مکمل لچک درکار تھی اور خدشہ تھا کہ بڑے اجتماعات سے وسائل متاثر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر شہروں میں بھی شائقین کو اجازت دینے سے اہم قومی و عالمی مشن کے لیے درکار سیکیورٹی وسائل پر اثر پڑ سکتا تھا۔

علی نقوی نے کہا کہ قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے تفریح پر عالمی امن کو ترجیح دی گئی اور یقین ہے کہ ہر پاکستانی یہی فیصلہ کرتا۔

انہوں نے زور دیا کہ اس بار فیصلہ حقیقی معنوں میں قومی، علاقائی اور عالمی مفاد میں تھا، اس لیے دیگر لیگز سے موازنہ غیر مناسب ہے، کیونکہ پاکستان کے عالمی امن میں کردار کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی ایس ایل میں شائقین کی عدم موجودگی پر مایوسی نہیں ہے، اور یہ ایسا فیصلہ ہے جسے ہر پاکستانی ماضی، حال اور مستقبل میں خوشی سے قبول کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US