اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بالر میر حمزہ سجاد اسپتال سے ڈسچارج، اسکواڈ میں واپس

image

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بالر میر حمزہ سجاد نے سر پر گیند لگنے کے بعد اسپتال سے مکمل کلئیرنس حاصل کر کے اسکواڈ کو دوبارہ جوائن کرلیا۔ ترجمان ٹیم کے مطابق میر حمزہ کچھ دیر کے لیے بے ہوش ہوئے تھے تاہم فوری طبی امداد کے بعد ایمبولنس میں ہوش آ گیا اور اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال میں سی ٹی اسکین اور رات بھر معائنہ کے بعد ڈاکٹرز نے میر حمزہ سجاد کو ڈسچارج کر دیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈسچارج کے بعد وہ ہوٹل پہنچ چکے ہیں اور میڈیکل ٹیم ان کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے تمام فرنچائزز اور شائقین کا شکریہ ادا کیا جو میر حمزہ کی صحت کے لیے دعائیں کر رہے تھے۔ ترجمان نے کہا کہ میر حمزہ سجاد کی صحت و سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دوسری جانب کراچی کنگز کے تین کھلاڑی حسن علی، اعظم خان اور ایڈم زیمپا نے اسکواڈ کو دوبارہ جوائن کرلیا۔ ذرائع کے مطابق یہ کھلاڑی 4 اپریل کو ذاتی مصروفیات اور اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے اسکواڈ سے ریلیز کیے گئے تھے۔

کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کا بھی 9 اپریل کو اسکواڈ میں شامل ہونے کا امکان ہے۔ وارنر کو حال ہی میں نیو ساوتھ ویلز پولیس نے نشے میں ڈرائیونگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا تاہم وہ جلد دوبارہ ٹیم کے ساتھ شمولیت کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US