فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کامیاب سفارتکاری کے ذریعے خطے کو جنگ کی تباہی سے بچانے پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ ملک سرمایہ کاری کے لیے محفوظ ترین مقامات میں شامل ہے اور سرمایہ کاروں کو چاہیے کہ وہ اپنا سرمایہ پاکستان میں لائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن کی مثال دنیا بھر میں کم ہی ملتی ہے۔
ثاقب فیاض مگوں نے اعلان کیا کہ 23 سے 25 اپریل تک لاہور ایکسپو سینٹر میں پاکستان کوٹنگ ایسوسی ایشن کے تحت ایک بڑی نمائش منعقد ہوگی جس میں 250 پاکستانی کیمیکل و پینٹ کمپنیاں شرکت کریں گی جبکہ 300 سے زائد چینی مندوبین اور 80 چینی کمپنیاں بھی اس ایونٹ کا حصہ بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش کیمیکل انڈسٹری کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگی اور ملک میں سرمایہ کاری و مینوفیکچرنگ کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے کیمیکل انڈسٹری کا فروغ ناگزیر ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ایف پی سی سی آئی نے بزنس کمیونٹی اور عوام کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو امن کی سفارتکاری کے اعتراف میں نوبل امن انعام دینے کی سفارش بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے حل اور امن کے قیام میں پاکستان نے اہم اور متحرک کردار ادا کیا ہے۔