ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے کے باوجود قومی ہاکی ٹیم مالی مشکلات کا شکار

image

قومی ہاکی ٹیم کو آٹھ سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے باوجود مناسب مالی صلہ نہ مل سکا جس پر کھلاڑیوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ کوالیفائر کے دوران کھلاڑیوں کو صرف 40 ڈالر یومیہ الاؤنس دیا گیا جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 11 ہزار روپے بنتا ہے۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہیں 2025 کے ڈومیسٹک ڈیلی الاؤنس بھی تاحال ادا نہیں کیے گئے۔

قومی کھلاڑیوں نے شکوہ کیا کہ ان کے ساتھ مالی طور پر ناانصافی کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک کے لیے کھیلتے ہیں لیکن انہیں بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں جبکہ کارکردگی کے باوجود مناسب معاوضہ نہ ملنا افسوسناک ہے۔

کھلاڑیوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 2018 میں انہیں 200 ڈالر یومیہ الاؤنس دیا جاتا تھا جو 2022 میں کم ہو کر 150 ڈالر رہ گیا اور اب مزید کم ہو کر صرف 40 ڈالر تک آ گیا ہے۔ تاہم آسٹریلیا میں پرو لیگ کے دوران 130 ڈالر یومیہ الاؤنس دیا گیا تھا۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو قومی ہاکی کی بہتری مشکل ہو جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US