بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر وشاکھاپٹنم میں مقامی کرکٹ میچ کے دوران رن آؤٹ کے فیصلے پر تنازع کے نتیجے میں 21 سالہ امپائر ڈولا اجیت بابو کو چاقو مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق میچ کے دوران دو ٹیموں کے کھلاڑیوں کے مابین رن آؤٹ پر جھگڑا ہوا تھا جسے امپائرز نے موقع پر ہی ختم کروا دیا تھا، تاہم کانتا کشور نامی ایک تماشائی اس فیصلے پر برہم ہوگیا اور امپائرز اور کھلاڑیوں کو گالیاں دینے لگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ میچ کے اختتام پر ملزم نے معاملہ طے کرنے کے بہانے امپائرز کو بلایا، جہاں دوبارہ تلخ کلامی کے دوران اس نے چاقو سے حملہ کردیا۔ اس حملے میں امپائر اجیت بابو کے سینے پر گہرا زخم آیا جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ بیچ بچاؤ کرانے والے ان کے دوست سمیت دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔
مقتول کے بھائی نے الزام لگایا ہے کہ ملزم جو میچ کا کھلاڑی بھی نہیں تھا، نشے کی حالت میں آیا اور منصوبہ بندی کے تحت حملہ کیا۔
پولیس نے مقتول کے والد کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔