ترسیلات زر میں اضافہ، اوورسیز پاکستانیوں نے مارچ میں اربوں ڈالر وطن بھیج دیے

image

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال کے باوجود اوورسیز پاکستانیوں نے ملکی معیشت کا سہارا بنتے ہوئے مارچ کے دوران قابلِ ذکر زرمبادلہ وطن بھیجا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2026 میں اوورسیز پاکستانیوں نے 3 ارب 83 کروڑ ڈالر وطن منتقل کیے۔ ترسیلات زر میں ماہانہ بنیاد پر 17 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم سالانہ بنیاد پر یہ شرح 5.5 فیصد کم رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں پاکستان کو مجموعی طور پر 30 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہیں۔

مارچ کے دوران سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے موصول ہوئیں جہاں مقیم پاکستانیوں نے 92 کروڑ ڈالر وطن بھیجے۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 82 کروڑ ڈالر ارسال کیے۔

اسی طرح برطانیہ سے 59 کروڑ ڈالر اور امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے 36 کروڑ ڈالر وطن منتقل کیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US