پاکستان ہاکی فیڈریشن کا جونیئر اور سینئر ٹیموں کے ٹرائلز اور ٹریننگ کیمپ کا اعلان

image

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کی منظوری کے بعد انڈر 18 اور پاکستان سینئر ٹیم کے لیے ملک گیر اوپن ٹرائلز اور سینئر ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق نیشنل انڈر 18 چیمپئن شپ 9 سے 19 اپریل تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس کے دوران سیلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لے گی۔ وہ کھلاڑی جو چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے ان کے ٹرائلز 20 اور 21 اپریل کو اسلام آباد میں ہوں گے، جن میں چیئرمین سلیکشن کمیٹی اولمپین سمیع اللہ سمیت دیگر اراکین اور ہیڈ کوچ موجود ہوں گے۔

انڈر 18 کے اوپن ٹرائلز 16 اپریل کو لاہور میں ہوں گے، جن کی نگرانی چیف سلیکٹر سمیع اللہ ، عاطف بشیر، ایم خالد اور ہیڈ کوچ قمر ابراہیم کریں گے۔

پاکستان سینئر ٹیم کے اوپن ٹرائلز 13 اپریل کو عبد الستار ہاکی اسٹڈیم میں منعقد ہوں گے۔ گزشتہ نیشنل ٹیم کے 28 کھلاڑی اور اسٹینڈ بائی لسٹ والے کھلاڑی ان ٹرائلز سے مستثنیٰ ہوں گے جبکہ لاہور میں سینئر ٹیم کے ٹرائلز 15 اپریل کو ہوں گے۔ پشاور میں اوپن ٹرائلز 23 اپریل کو ہوں گے، جن میں پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ منظور الحسن شریک ہوں گے۔

پاکستان سینئر ٹیم کا باقاعدہ ٹریننگ کیمپ یکم مئی سے اسلام آباد میں شروع ہوگا جس میں ملک کے بہترین کھلاڑی شرکت کریں گے اور آئندہ بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US