وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سروس لانگ مارچ ٹائرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیئرمین جن یانگ شینگ کی سربراہی میں 4 رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں نئی سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور برآمدات کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے بزنس ٹو بزنس تعلقات میں مزید وسعت کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان پائیدار، شفاف اور سہولیات پر مبنی سرمایہ کاری نظام پر یقین رکھتی ہے اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سروس لانگ مارچ جیسے جوائنٹ وینچرز نہ صرف پاکستان اور چین کے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ ملازمتوں کے نئے مواقع، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور برآمدات میں اضافے کے لیے بھی انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین سروس لانگ مارچ جن یانگ شینگ نے پاکستان میں سرمایہ کار دوست ماحول اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمپنی پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی رکھتی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کو سروس لانگ مارچ ٹائرز کے نئے سرمایہ کاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمپنی برآمدات پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور سال 2024-25 کے دوران کمپنی کا ایکسپورٹ ریونیو 54 ملین امریکی ڈالرز رہا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وفاقی سرمایہ کاری بورڈ سروس لانگ مارچ ٹائرز کو مختلف شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور معاونت فراہم کر رہا ہے، جبکہ نوری آباد، سندھ میں کمپنی کے سول ڈویلپمنٹ زون کے قیام کے لیے بھی تمام ضروری سہولیات مہیا کی جا چکی ہیں۔
ملاقات میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔