پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل اسپنر عثمان طارق نے کہا ہے کہ کھلاڑی کے نام یا تاثر سے فرق نہیں پڑتا میچ میں اچھی بولنگ کرانا سب سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔
کراچی میں نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عثمان طارق نے بتایا کہ وہ سندھ پریمیئر لیگ میں کھیل چکے ہیں اور کراچی کی کنڈیشنز اسپنرز کے لیے مددگار ہیں تاہم موجودہ حالات دیکھ کر گیم پلان تیار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا بنیادی ہدف ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنا اور اپنی کارکردگی سے ٹیم کو ٹائٹل دلوانا ہے۔ عثمان طارق نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے اور مائنڈ سیٹ مضبوط ہوتا ہے جو لیگ کرکٹ میں بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
پی ایس ایل میں اہداف کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ کسی ایک بیٹر کو ٹارگٹ نہیں کرتے بلکہ ہر وکٹ ان کے لیے اہم ہوتی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بولرز کو زیادہ محنت اور ذہانت کے ساتھ بولنگ کرنا پڑتی ہے تاکہ بیٹرز کو قابو میں رکھا جا سکے۔
عثمان طارق نے شائقین کی واپسی پر امید ظاہر کی اور کہا کہ پی ایس ایل ایک ایسی لیگ ہے جہاں لوگ خصوصی وقت نکال کر میچ دیکھنے آتے ہیں اس لیے توقع ہے کہ حالات بہتر ہونے کے بعد شائقین کو اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت ملے گی۔