ایران میں نوروز کی چھٹیوں کے خاتمے اور سرحد کھلنے کے بعد پاکستان کو ایل پی جی کی سپلائی دوبارہ بحال ہوگئی ہے، جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں قیمتیں نیچے آنا شروع ہوگئی ہیں۔
ایف پی سی سی آئی کی ایل پی جی اسٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر علی حیدر کے مطابق ایران سے یومیہ 6 ہزار ٹن ایل پی جی کی آمد شروع ہو چکی ہے، جس سے سپلائی کی صورتحال معمول پر آ گئی ہے۔
سپلائی میں بہتری کے باعث ایل پی جی کی قیمت میں فی کلو 20 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں مزید 50 روپے فی کلو تک کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
علی حیدر کا کہنا ہے کہ اوگرا نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 304 روپے فی کلو مقرر کی تھی، تاہم سپلائی میں تعطل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ عناصر نے قیمتیں 440 سے 450 روپے تک پہنچا دی تھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان اپنی ضرورت کی 65 فیصد ایل پی جی درآمد کرتا ہے، جس کا 90 فیصد حصہ ایران سے حاصل کیا جاتا ہے۔