پاکستان کرکٹ بورڈ ایک سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود کراچی اور لاہور کے ٹیسٹ سینٹرز میں تعمیراتی کام مکمل کرنے میں ناکام رہا ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں، جہاں بدھ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کا آغاز ہوا ہے، آرائش و زیبائش کا کام تاحال ادھورا ہے۔ اسٹیڈیم کے تمام انکلوژرز فی الوقت چھتوں کے بغیر ہیں، جس پر یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ اگر پی سی بی تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دیتا تو وہ اس تپتی دھوپ میں میچ سے کیسے لطف اندوز ہوتے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی سے قبل پی سی بی نے لاہور اور کراچی کے اسٹیڈیمز میں کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے 18 بلین روپے کی خطیر رقم مختص کی تھی۔ تاہم، اب تک ایک نئی وی آئی پی بلڈنگ کی تعمیر کے علاوہ باقی تمام کام رکا ہوا ہے اور یہی صورتحال لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کی بھی ہے۔
یاد رہے کہ ان تعمیراتی کاموں کے آغاز سے قبل تمام انکلوژرز پر چھتیں موجود تھیں جو تماشائیوں کو دھوپ اور گرمی سے بچاتی تھیں، لیکن پی سی بی کی جانب سے سہولیات کی بہتری کے لیے کیے گئے وعدے اب تک ایفا نہیں ہوسکے ہیں۔