پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینئر صحافی شاہد ہاشمی کو پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کی کوریج کے لیے میڈیا ایکریڈیٹیشن کارڈ جاری نہیں کیا ہے۔
جب ایک بورڈ آفیشل سے سینئر صحافی کو روکنے کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے جواب دیا کہ اس بارے میں پی سی بی کے لیگل ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کیا جائے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران اس وقت ایک تنازع کھڑا ہوا تھا جب شاہد ہاشمی نے رپورٹ کیا تھا کہ ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے ایک کھلاڑی کو ہوٹل کی خاتون اسٹاف ممبر سے بدتمیزی کرنے پر جرمانہ کیا ہے۔
پی سی بی نے فوری طور پر اس خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ صحافت قرار دیا تھا۔ خبر میں نامزد پاکستان کے فاسٹ بالر سلمان علی مرزا نے بعدازاں اے آر وائی نیوز اور متعلقہ صحافی کو قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے ہرجانے کا مطالبہ کردیا تھا۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ قانونی شعبے نے بورڈ کو مشورہ دیا ہے کہ چونکہ صحافی کو ایک سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی کی جانب سے قانونی کارروائی کا سامنا ہے، اس لیے انہیں پی ایس ایل کی ایکریڈیٹیشن دینا مناسب نہیں ہوگا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی ایسے واقعات پیش آچکے ہیں جہاں پی سی بی نے کسی صحافی کی رپورٹنگ سے ناخوش ہوکر اس کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کی ہو۔