فیفا فٹبال ورلڈ کپ کی نشریات کے حوالے سے بھارت کی خاموشی برقرار

image

بھارت، جسے تمام کھیلوں کے لیے ایک بڑی اور اہم براڈ کاسٹنگ مارکیٹ تصور کیا جاتا ہے، نے اب تک فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق حاصل نہیں کیے ہیں۔

فیفا، جو بھارت کو فٹ بال کے لیے ایک اہم مارکیٹ کے طور پر دیکھتا ہے، نے حالیہ ورلڈ کپ کے نشریاتی حقوق کی قیمت بھارتی براڈکاسٹرز کے لیے کم کر کے 35 ملین ڈالرز کر دی تھی، اس کے باوجود کسی بھی براڈکاسٹر کی جانب سے دلچسپی ظاہر نہ کرنا فیفا کے لیے حیران کن ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بھارت میں کسی براڈکاسٹر نے فٹ بال ورلڈ کپ کے حقوق حاصل نہ کیے تو اس سے یہ تاثر پختہ ہوجائے گا کہ وہاں صرف کرکٹ ہی مقبول ہے۔

واضح رہے کہ فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کو اولمپکس کے بعد دنیا بھر میں کھیلوں کا دوسرا بڑا ایونٹ سمجھا جاتا ہے اور تقریباً ہر ملک اس کے نشریاتی حقوق حاصل کرنے کی جدوجہد کرتا ہے۔

دنیائے کرکٹ میں آئی سی سی اور دیگر ایونٹس کے لیے بھارت اس وقت سب سے بڑی براڈکاسٹنگ مارکیٹ ہے، جہاں بھارتی براڈ کاسٹرز نے 2023 سے 2027 تک کے آئی سی سی ایونٹس کے حقوق 3 بلین ڈالرز کی خطیر رقم کے عوض خرید رکھے ہیں۔

حیران کن بات یہ ہے کہ بھارت میں فٹ بال کی پروموشن کے لیے کچھ عرصہ قبل لائنل میسی کا دورہ بھی ہوا تھا اور وہاں مقامی سطح پر فٹ بال لیگز بھی تسلسل سے کھیلی جاتی ہیں، مگر اس کے باوجود عالمی کپ کی نشریات کے حوالے سے تاحال خاموشی برقرار ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US