بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے حکومت کی توانائی بچاؤ مہم کی حمایت میں اپنے میچز کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔ بی سی بی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد دن کی روشنی سے زیادہ فائدہ اٹھانا اور توانائی کی بچت کو فروغ دینا ہے۔
بی سی بی نے نیوزی لینڈ مینز اور سری لنکا ویمنز کے ساتھ شیڈول سیریز کے اوقات میں نظرِ ثانی کی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچز اب صبح 11 بجے شروع ہوں گے۔ پہلا اور دوسرا میچ 17 اور 20 اپریل کو ڈھاکا جبکہ تیسرا میچ 23 اپریل کو چٹا گانگ میں کھیلا جائے گا۔
سری لنکا ویمنز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز بھی اب دوپہر 2 بجے کھیلی جائے گی جبکہ پہلے یہ میچز شام 6:30 پر شیڈول تھے۔ یہ میچز سلہٹ میں کھیلے جائیں گے اور سیریز کے میچز 28 اپریل، 30 اپریل اور 2 مئی کو ہوں گے۔