پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد مجموعی ذخائر 21 ارب 89 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملک کے مجموعی ڈالر ذخائر میں 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔ مرکزی بینک کے ذخائر میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جہاں 1 کروڑ 86 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر 16 ارب 40 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب کمرشل بینکوں کے پاس موجود فارن کرنسی اکاؤنٹس میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 8 کروڑ 68 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ان کے پاس ڈالر ڈپازٹس کا مجموعی حجم 5 ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔