قومی انڈر 18 ہاکی چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا

image

اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں قومی انڈر 18 ہاکی چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔

سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ و صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی نے بال کو ہٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام شروع ہونے والی اس چیمپئن شپ کے پہلے روز تین میچز کھیلے گئے۔

پہلے میچ میں کے پی کے 2 نے گلگت بلتستان کو 1-10 سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے قاسم نے تین، سدیس نے دو جبکہ مزمل، اویس، حارث، وقاص اور سمیمہ نے ایک ایک گول اسکور کیا، گلگت بلتستان کی طرف سے واحد گول مستفین نے کیا۔

دوسرا میچ کے پی کے 1 اور پنجاب 1 کے درمیان کھیلا گیا جو کے پی کے 1 نے 0-4 سے جیت لیا، جس میں عزیر نے دو، عباس اور زین نے ایک ایک گول کیا۔

تیسرے میچ میں پاک کسٹمز نے پنجاب 4 کو 1-2 سے ہرا دیا، پاک کسٹمز کی جانب سے حسنین اور عدیل جبکہ پنجاب کی طرف سے عبداللہ فاروق نے گول اسکور کیا۔

یہ ایونٹ 19 اپریل تک جاری رہے گا جس میں ملک بھر سے 16 ٹیمیں شریک ہیں۔ پول اے میں پاک کسٹمز، کے پی کے 2، پنجاب 4 اور گلگت بلتستان شامل ہیں جبکہ پول بی میں پنجاب 1، سندھ 2، بلوچستان اور کے پی کے 1 کو رکھا گیا ہے۔ پول سی میں پولیس، پنجاب 2، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد جبکہ پول ڈی میں پاک ایجوکیشن بورڈ، سندھ 1، پنجاب 3 اور پاک آرمی کی ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی ایچ ایف محی الدین احمد وانی نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کو نکھارنا اور ہاکی کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہماری ترجیح ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ٹورنامنٹ سے ابھرنے والا نیا ٹیلنٹ پاکستان ہاکی کے سنہری دور کی واپسی میں اہم کردار ادا کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US