ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر تازہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ مالی سال میں شرح نمو 4.5 فیصد تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کی توقع ہے جبکہ معیشت میں بتدریج بہتری کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
اے ڈی بی نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث مہنگائی میں اضافہ اور معیشت پر دباؤ بڑھ سکتا ہے جس سے اقتصادی استحکام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے حکومتی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے جبکہ تیل اور کھاد کی قیمتوں میں اضافہ بھی معیشت کی رفتار کو سست کر سکتا ہے۔