پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ کی سربراہی کے لیے مستقل نام کا فیصلہ کرنے میں تاحال ناکام

image

پاکستان کرکٹ بورڈ تاحال ڈومیسٹک کرکٹ ڈیپارٹمنٹ کی سربراہی کے لیے کسی مستقل نام کا فیصلہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق، سابق کپتان یونس خان کو اس اہم ذمہ داری کے لیے موزوں امیدوار تصور کیا جا رہا ہے اور ان سے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔

پی سی بی کی حالیہ بورڈ آف گورنرز میٹنگ میں یہ طے پایا ہے کہ ڈومیسٹک ڈیپارٹمنٹ کے سابق ہیڈ خرم نیازی، جن کا تبادلہ بطور سینئر بیوروکریٹ اسلام آباد کردیا گیا ہے، وہاں سے ہی معاملات کی نگرانی جاری رکھیں گے اور جنرل منیجر جنید ضیا کو مشورے دیتے رہیں گے۔

خرم نیازی گزشتہ دو سال سے پی سی بی میں ڈیپوٹیشن پر خدمات انجام دے رہے تھے اور محسن نقوی کے چیئرمین بننے کے بعد سے وہ اس عہدے پر فائز تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی کی خواہش ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ چلانے کے لیے کسی مایہ ناز سابق کرکٹر کی خدمات حاصل کی جائیں، جس کے لیے یونس خان مضبوط امیدوار ہیں۔

واضح رہے کہ جب تک یونس خان یا کسی دوسرے سابق کرکٹر کی باقاعدہ تقرری نہیں ہو جاتی، تب تک خرم نیازی اور جنید ضیا مشترکہ طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کے انتظامی امور کی دیکھ بھال کرتے رہیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US