پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ میں اہم عہدوں پر فائز ہونے کے باوجود پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کے ساتھ اپنی وابستگی کا دفاع کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ وہ پشاور زلمی کے ساتھ بطور کنسلٹنٹ کام کر رہے ہیں اور یہ معاہدہ انہوں نے بورڈ میں شمولیت سے قبل کیا تھا۔ جب ان سے سرفراز احمد اور وہاب ریاض کو پی ایس ایل میں کام کرنے سے روکنے اور انہیں اجازت ملنے کے تضاد پر سوال کیا گیا، تو مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ان کا معاملہ مختلف ہے اور اس بارے میں پی سی بی بہتر وضاحت کرسکتا ہے۔
مصباح الحق اس وقت پی سی بی میں قومی سلیکٹر اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کنسلٹنٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں، جبکہ بورڈ نے حال ہی میں سرفراز احمد اور وہاب ریاض کو دوہرے عہدوں کی بنیاد پر پی ایس ایل میں کام کرنے سے روک دیا تھا۔
مصباح الحق کا مؤقف ہے کہ پی ایس ایل میں کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے سے ٹیلنٹ کو سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے، جو بطور سلیکٹر ان کے فیصلوں میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ پشاور زلمی کے ساتھ سال کے صرف چند مخصوص دنوں کے لیے کنسلٹنٹ کے طور پر منسلک ہوتے ہیں اور لیگ کے میچز براہِ راست دیکھنا ایک قومی سلیکٹر کے لیے مفید ہے۔