انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ: زائد العمر کھلاڑیوں کی شرکت کا انکشاف

image

انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ میں زائد العمر کھلاڑیوں کی شرکت کی روایت ایک بار پھر سامنے آ گئی ہے جس کے بعد ٹورنامنٹ کی شفافیت پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سندھ کی ٹیم میں شامل بعض کھلاڑیوں کے زائد العمر ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ سندھ II ٹیم میں بھی کئی مشتبہ کھلاڑیوں کے نام سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سندھ I ٹیم کی آدھی ٹیم زائد العمر کھلاڑیوں پر مشتمل بتائی جا رہی ہے جبکہ فیڈریشن کی جانب سے یکم جنوری 2008 کو پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ کے لیے اہل قرار دیا گیا تھا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ سندھ II ٹیم میں شامل پانچ کھلاڑیوں کی تاریخ پیدائش 2002 درج ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد انتظامی امور پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رمضان جمالی اور ٹیم منیجر اسلم خان نیازی پر ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مبینہ طور پر غلط معلومات فراہم کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالت کے حکم امتناعی کے باوجود سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے ایک گروپ کی شمولیت نے معاملے کو مزید متنازع بنا دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹیم منیجر کی جانب سے جمع کرائے گئے حلف نامے میں بھی مبینہ طور پر غلط بیانی کی گئی جس کے ذریعے زائد العمر کھلاڑیوں کو تحفظ دینے کی کوشش کی گئی۔

ذرائع نے سندھ II ٹیم میں شامل بعض کھلاڑیوں کے نام بھی ظاہر کیے ہیں جن میں زوہیب علی، فیاض احمد، فیصل شاہ علی، جہانزیب اور علی رضا شامل ہیں۔

معاملے کے سامنے آنے کے بعد ٹورنامنٹ کی نگرانی اور کھلاڑیوں کی عمر کی تصدیق کے نظام پر سخت سوالات اٹھ رہے ہیں جبکہ مزید تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US