پاکستان سپر لیگ کے 19ویں میچ میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے لاہور قلندرز کو 76 رنز سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 174 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں قلندرز کی ٹیم 17 اوورز میں صرف 97 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پشاور زلمی کی جانب سے کوشل مینڈس نے شاندار 74 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کپتان بابر اعظم نے بھی 43 رنز بنا کر اسکور میں اہم حصہ ڈالا۔
بولنگ میں زلمی کے مائیکل بریسیویل اور سفیان مقیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ناہید رانا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مستفیض الرحمان نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔
اسی میچ میں بابر اعظم نے ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پی ایس ایل میں 4 ہزار رنز مکمل کر لیے۔ انہوں نے 105 میچز میں 2 سنچریاں اور 37 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔