نیشنل ویمن ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ: اسٹارز کے ہاتھوں انوینسبلز کو فائنل میں شکست

image

لاہور میں کھیلے گئے نیشنل ویمن ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں اسٹارز نے انوینسبلز کو 52 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔

اسٹارز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے، جس میں طوبیٰ حسن 50 اور سدرہ امین 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ انوینسبلز کی جانب سے امبر کائنات اور مومنہ ریاست نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انوینسبلز کی پوری ٹیم 16.1 اوورز میں 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، منیبہ علی 27 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔

اسٹارز کی جانب سے طوبیٰ حسن اور عائشہ بلال نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

طوبیٰ حسن کو ان کی بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کی نمایاں کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ اسٹارز نے گزشتہ ایڈیشن میں کنکررز کو 42 رنز سے ہرا کر ٹائٹل جیتا تھا۔

ٹورنامنٹ کے دوران کنکررز نے چیلنجرز کے خلاف ریکارڈ 241 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا جبکہ انوِنسبلز کی منیبہ علی 344 رنز بنا کر ٹاپ سکورر اور بہترین بیٹر قرار پائیں۔

بولنگ کے شعبے میں مومنہ ریاض 16 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست رہیں، جبکہ طوبیٰ حسن اور فاطمہ ثناء کو مشترکہ طور پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔

طوبیٰ حسن نے 192 رنز بنانے کے ساتھ 10 وکٹیں حاصل کیں اور فاطمہ ثناء نے 271 رنز بنانے کے علاوہ 8 شکار کیے۔

کامیاب کپتان طوبیٰ حسن نے جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے سادہ اور مثبت کرکٹ کھیلی اور فائنل میں کوئی دباؤ نہیں لیا، انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کوشش تھی کہ ہر شعبے میں ٹیم کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

دوسری جانب کنکررز کی کپتان فاطمہ ثناء کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا واضح پیغام دیا گیا تھا اور انہوں نے پریکٹس میں کی گئی پاور ہٹنگ کو میچز میں اپنانے کی کوشش کی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے پیشِ نظر اب مثبت کرکٹ کھیلنا ناگزیر ہو چکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US