پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں جاری یوتھ انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کے چوتھے روز دو میچز کھیلے گئے۔
ایونٹ کے دوران پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی کی آمد ہوئی جہاں ان کا آفیشلز اور کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔
پہلے میچ میں پنجاب 2 نے آزاد جموں و کشمیر کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-14 سے شکست دی، جس میں حنین نور نے تین جبکہ محمد حسان، بابر اور ابو سفیان نے دو دو گول اسکور کیے۔
دوسرا میچ سندھ 1 اور پنجاب 3 کے مابین کھیلا گیا جو ایک ایک گول سے برابر رہا، سندھ کی جانب سے ریحان اور پنجاب کی جانب سے نور نے گول کیے۔
اس موقع پر اولمپین نعیم اختر، خواجہ محمد جنید اور دیگر آفیشلز سمیت شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
یہ ٹورنامنٹ 19 اپریل تک جاری رہے گا جس میں ملک بھر سے 16 ٹیمیں شریک ہیں۔