پاکستان سپر لیگ کی معروف فرنچائز پشاور زلمی نے اپنے مداحوں کے ساتھ تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پی ایس ایل 2026 کے دوران زلمی فین بسز کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ خصوصی بسیں پشاور کے مختلف علاقوں میں گھوم رہی ہیں جہاں شائقین اکٹھے ہو کر میچز پر گفتگو کرتے ہیں ٹیم کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہیں اور زلمی کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
فرنچائز کے مطابق ماضی میں بھی پشاور زلمی نے فینز اور میڈیا کو میچز دیکھنے کے لیے مختلف شہروں تک پہنچانے کا اہتمام کیا ہے جس کا مقصد شائقین کے ساتھ قریبی تعلق برقرار رکھنا ہے۔
واضح رہے کہ پشاور میں پی ایس ایل میچز کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی تھیں تاہم مختلف حالات کے باعث ان کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا جس کے باوجود فرنچائز نے شائقین کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ فینز ہمیشہ ٹیم کی اولین ترجیح رہے ہیں اور زلمی فین بسز اسی وابستگی کا تسلسل ہیں۔ ان کے مطابق یہ اقدام شائقین کے ساتھ مل کر پی ایس ایل کو منانے کا ایک منفرد انداز ہے۔