کسی بھی فرنچائز کی کامیابی کے لیے ٹیم ممبرز کا مضبوط تعلق اہم ہوتا ہے، سلمان اقبال

image

کراچی کنگز کے اونر سلمان اقبال نے ایچ بی ایل پی ایس ایل ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی فرنچائز کی کامیابی کے لیے ٹیم ممبران کا آپس میں مضبوط تعلق انتہائی اہم ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی ڈیوڈ وارنر کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ ٹیم کے مڈل آرڈر کو مضبوط کرنے کے لیے انگلینڈ کے معین علی کو پری آکشن میں سائن کیا گیا ہے۔

سلمان اقبال کے مطابق وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان کو تین کروڑ روپے میں خریدا گیا ہے جو پہلی بار اپنے آبائی شہر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

سلمان اقبال نے اعتراف کیا کہ لاہور قلندرز ایک ایسا حریف ہے جس کے خلاف کھیلتے ہوئے کراچی کنگز دباؤ محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے دیگر ٹیموں کے حوالے سے کہا کہ حیدر آباد، راولپنڈی اور ملتان سلطانز کے نئے مالکان، کپتانوں اور کوچز کو سیٹ ہونے میں کچھ وقت لگے گا، تاہم ان کے خیال میں حیدر آباد کی ٹیم کافی متوازن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب فرنچائز مالکان ٹیم کے ساتھ وقت گزارتے ہیں تو کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔ سلمان اقبال نے انکشاف کیا کہ تین سال قبل انہوں نے ٹیم بنانے کا اختیار سپورٹ اسٹاف کو دے دیا تھا لیکن نتائج بہتر نہ آنے پر انہوں نے دوبارہ ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US