وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پورٹ قاسم کا دورہ کیا جہاں انہیں پورٹ قاسم اتھارٹی کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پورٹ قاسم میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بڑے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ لینڈ ریفارمز اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع متعارف کرانے کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملٹی پرپز ٹرمینل کے قیام سے بندرگاہی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جبکہ ایسٹرن انڈسٹریل زون کے جامع ترقیاتی منصوبے پر بھی پیشرفت جاری ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق ٹریٹمنٹ پلانٹ اور ڈوئل کیرج وے منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے جبکہ سی ٹو اسٹیل منصوبے سے صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ سے پورٹ قاسم کو ایک اہم معاشی مرکز بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ پانی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے، جو دو ہفتوں میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
کمیٹی کو 25 سالہ جامع پلان اور اخراجات سے متعلق تفصیلی اسٹڈی کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے جبکہ دورے کے دوران ونڈ اور سولر انرجی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔