خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ چار زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ تحصیل ٹل کے علاقے چھپری وزیران میں اس وقت پیش آیا جب نامعلوم شرپسندوں نے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس وین کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے بعد پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
واقعے میں ایک اہلکار موقع پر شہید جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق شہید اہلکار کی شناخت اسرارالحق کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق شانگلہ سے تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔