پنجاب، صوبائی وزیر کھیل کی زیر صدارت اجلاس، متعدد اہم فیصلے

image

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے سال 2026 کو "یوتھ کا سال" قرار دینے کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کی۔

اجلاس میں نوجوانوں کی فلاح اور کھیلوں کے فروغ کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے، جن کے تحت محکمہ ایجوکیشن کے اشتراک سے ای لائبریری سنٹرز قائم کیے جائیں گے اور سرکاری و نجی اسکولوں میں اسپورٹس لیبز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس کے علاوہ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے خصوصی پروگرامز شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ "کھیلتے اسکول" پروگرام کے تحت صوبے بھر میں ایک ہزار گراؤنڈز تیار کیے جائیں گے، جبکہ ڈیجیٹل اسکلز، اسپورٹس ٹیلنٹ ہنٹنگ اور ٹریننگ پروگرامز کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع پلان تیار کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو جدید سہولیات میسر آسکیں اور انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاسکے۔

اجلاس میں سیکریٹری اسپورٹس، ڈی جی اسپورٹس، وائس چیئرمین اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کر کے ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US