چاول کی برآمدات 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف، حکومت کی معاونت کی یقین دہانی

image

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے چاول کی برآمدات کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے برآمدکنندگان کو ہر ممکن حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

کراچی میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بدلتے ہوئے علاقائی حالات بندرگاہوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین ریپ ملک فیصل جہانگیر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چاول کا شعبہ اس وقت 4 ارب ڈالر کی صنعت ہے جسے 5 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پیداوار بڑھانے کے لیے زیرِ کاشت رقبہ بڑھانے کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بندرگاہی اصلاحات کے تحت رول آن/رول آف سروس، بلک کارگو کی اجازت، پرانی کنسائنمنٹس کی کلیئرنس میں نرمی اور دیگر سہولیات متعارف کرائی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عید کی تعطیلات کے دوران بھی بندرگاہی آپریشنز جاری رکھے گئے، جہاں 16 جہازوں کو ہینڈل کیا گیا جو ایک ریکارڈ پیش رفت ہے۔

وزیر کے مطابق کراچی پورٹ پر جاری ڈریجنگ منصوبے سے جہازوں کی کلیئرنس کا وقت سات دن سے کم ہو کر دو دن تک آ جائے گا جس سے تاجروں کو اربوں روپے کا فائدہ متوقع ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت برآمدات کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US