پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی پر ایک فٹ کھلاڑی کو انجری کا شکار ظاہر کرنے سے متعلق الزامات سامنے آئے ہیں جس پر مختلف فرنچائزز کی جانب سے اعتراض اور احتجاج کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پشاور زلمی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر فٹ کھلاڑی مرزا طاہر بیگ کو ان فٹ ظاہر کر کے ٹیکنیکل کمیٹی سے متبادل کھلاڑی کی اجازت طلب کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسری فرنچائزز نے اس معاملے پر ٹیکنیکل کمیٹی سے شکایت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مرزا طاہر بیگ مکمل فٹ تھے اور انہیں انجری کا شکار ظاہر کرنا قواعد کی خلاف ورزی ہو سکتا ہے۔
مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ متبادل کھلاڑی باسط کو شامل کرنے کے لیے انجری کا بہانہ بنایا گیا جس پر باقاعدہ انکوائری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بعض دیگر معاملات پر بھی اعتراضات سامنے آئے ہیں جن میں دو بنگلا دیشی کھلاڑیوں کے این او سی میں توسیع اور جیمز ونس کے متبادل سے متعلق ای میلز کا تبادلہ شامل ہے۔
ٹیکنیکل کمیٹی سے درخواست کی گئی ہے کہ اس پورے معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ پی ایس ایل کے قواعد و ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق دیگر فرنچائزز نے اس طرزِ عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔