ملک میں بیرونی ادائیگیوں اور مالی معاونت سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس کے تحت حکومت نے قرضوں کی بروقت ادائیگی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
وزارت خزانہ پاکستان کے حکام کے مطابق پاکستان رواں ماہ متحدہ عرب امارات کو بیرونی قرض کی ادائیگی مقررہ وقت پر کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کی مالی معاونت جلد موصول ہونے کا امکان ہے جو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر میں منتقل کی جائے گی جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری متوقع ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان دیگر دوست ممالک سے بھی مالی تعاون کے حوالے سے رابطے میں ہے جبکہ سعودی عرب کی جانب سے مکمل مالی معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
حکام کے مطابق حالیہ دورے کے دوران سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان سے ملاقاتوں میں قرض، ادھار تیل کی سہولت اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب سے 5 ارب ڈالر قرض اور آئل فنانسنگ سہولت میں توسیع کی درخواست بھی کی ہے جبکہ تیل کی سہولت کو مزید پانچ سال بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رواں ماہ پاکستان کو تقریباً 4 ارب 80 کروڑ ڈالر کی بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کا سامنا ہے جس میں ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے یورو بانڈ کی ادائیگی پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہے۔