پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے آخری مرحلے کے میچوں میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دینے کے حوالے سے وفاقی حکومت سے ہدایت مانگی ہے۔
ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پی سی بی نے حکومتی کفایت شعاری مہم اور علاقائی کشیدگی کے پیش نظر لاہور اور کراچی میں میچز بغیر تماشائیوں کے کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔
تاہم ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اب حکومت سے مشاورت کی ہے کہ آیا آخری مرحلے کے لیے اس پالیسی میں نرمی کی جاسکتی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ ذاتی طور پر تماشائیوں کی اسٹیڈیم واپسی کے خواہشمند ہیں، لیکن اس معاملے میں قومی مفادات اور حکومتی پالیسیوں کو ترجیح دینا لازمی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین بننے کی خبروں کی بھی سختی سے تردید کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے پاس پہلے ہی ذمہ داریوں کا بوجھ بہت زیادہ ہے اور وہ اس وقت آئی سی سی میں کسی عہدے کے امیدوار نہیں ہیں۔