پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں جاری یوتھ انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ 2026 کے کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا ہے۔
ایونٹ کے چھٹے دن کھیلے گئے میچوں کے بعد پول اے سے پاک کسٹم اور پنجاب 4، پول بی سے خیبر پختونخوا 1 اور پنجاب 1، پول سی سے پنجاب 2 اور آزاد جموں و کشمیر جبکہ پول ڈی سے پاک آرمی اور پنجاب 3 نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں پنجاب 2 نے اسلام آباد کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-11 سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے رانا سمیع نے تین، حماد نے دو جبکہ حنین، ابو سفیان، حمزہ، فرحان، زین اور زونیر نے ایک ایک گول کیا۔
دوسرے میچ میں پاک آرمی نے پنجاب 3 کو 0-5 سے ہرا دیا، جس میں پاک آرمی کے مزمل نے ہیٹ ٹرک کی جبکہ حسیب اور شعیب نے ایک ایک گول اسکور کیا۔
اس موقع پر اولمپین نعیم اختر، عبدالناصر اخونزادہ، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر خواجہ محمد جنید اور دیگر آفیشلز سمیت شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
19 اپریل تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 16 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہیں۔